بنگلور،16؍فروری(ایس اونیوز) میئر جی پدماوتی نے آج بی بی ایم پی افسران کو یہ سخت تاکید کی کہ شہر کے ایس پی روڈ کو ایک ماہ کے اندر گندگی سے صاف کردیا جائے۔ آج ایس پی روڈ کا معائنہ کرنے کے بعد میئر نے اس تجارتی مرکز میں جابجا گندگی کے ڈھیروں کو دیکھ کر شدید برہمی ظاہر کی کہ ایک ماہ کی مدت میں اگر اس کام کو پورا نہیں کیاگیا تو افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ایس پی روڈ شہر کا ایک اہم تجارتی علاقہ ہے، ہزاروں کی تعداد میں لوگ آتے جاتے ہیں۔اسی لئے اس سڑک اور آس پاس کی سڑکوں کی صفائی بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی بی ایم پی افسران کو چاہئے کہ ہر ماہ ایس پی روڈ کے تاجروں کی انجمنوں کے ساتھ خصوصی میٹنگ کریں ۔وقت ملاتو وہ خود بھی اس میٹنگ میں شریک رہیں گی۔میئر نے افسران کو ہدایت دی کہ اس سڑک کو صاف کرنے کے متعلق انہیں رپورٹ پیش کریں۔
جامع مسجد کے روبرو صفائی کا حکم:اس کے بعد میئر نے جامع مسجد بنگلور سٹی کے روبرو پارک کی فوراً صفائی پر روز دیا۔ میئر کو بتایا گیا کہ یہ پارک غیر قانونی سرگرمیوں کا اڈہ بن چکا ہے، اسی لئے ان سرگرمیوں پر روک لگانے کیلئے میئر نے فوراً پارک کے احاطہ میں مکمل ایل ای ڈی لائٹ نصب کرنے کی ہدایت دی۔ میئر نے کہاکہ جامع مسجد اور آس پاس کی گلیوں میں دکانداروں کی طرف سے اپنی گاڑیاں دکانوں کے روبرو کھڑی کردئے جانے کے سبب ٹریفک کا دباؤ بڑھتا جارہاہے۔ میئر نے افسران کو ہدایت دی کہ دکانداروں کیلئے پارکنگ کا انتظام الگ سے کیا جائے۔ اس کے بعد بھی اگر یہاں پارکنگ کا یہی مسئلہ برقرار رہاتو ٹریفک پولیس کی مدد سے کارروائی کی جائے ۔ میئر کے ہمراہ مقامی کارپوریٹر ، بی بی ایم پی کے ساؤتھ ڈویژن جوائنٹ کمشنر ، چیف انجینئر اور دیگر افسران موجود تھے۔